ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تنظیم کا سالانہ جلسہ ؛ رپورٹ پیش کرتے ہوئے جنرل سکریٹری نے کہا؛ قوم و ملت کو درپیش مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی

بھٹکل تنظیم کا سالانہ جلسہ ؛ رپورٹ پیش کرتے ہوئے جنرل سکریٹری نے کہا؛ قوم و ملت کو درپیش مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی

Mon, 06 Jun 2022 11:50:56    S.O. News Service

بھٹکل 6 جون (ایس او نیوز)  قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کا سالانہ جلسہ 5 جون بروز اتوار صبح   ساڑھے دس بجے شروع ہوا۔تنظیم کے  جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے  اپنی میعاد کی تیسری   کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے  مختلف  کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے  بتایا کہ تنظیم کے ذریعے   قوم و ملت کو درپیش مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔

 19 صفحات پر مشتمل رپورٹ کی خواندگی سے قبل جنرل سکریٹری نے  سالانہ جلسہ میں   ممبران کی کم حاضری پر تشویش کا اظہار کیا اور عوام الناس پر زور دیا کہ اُنہیں قومی اداروں کے سالانہ جلسوں میں کثیر تعداد میں شریک ہونا چاہئے اور  اداروں کو مضبوط کرنے    کے لئے  ہرممکن تعاون پیش کرنا چاہئے۔

رپورٹ کے دوران جنا ب عبدالرقیب نے بتایا کہ   اگلی سہ سالہ میعاد کے لئے مجلس انتظامیہ کی تشکیل کے ضمن میں الیکشن کی تاریخ 3 ۔ اکتوبر 2022 متعین کی گئی ہے ۔ انہوں نے  بینگلور میں ہوئی ملی کانفرنس، ملّی مسائل کے حل کے لئے  تین ساحلی اضلاع کی سطح پر مسلمانوں کا متحدہ پلیٹ فارم قائم کرنے  سمیت مختلف  کوششوں اور میٹنگوں کا جائزہ پیش کیا۔

جلسہ میں شریک کئی ممبران نے سوالات بھی کئے اور مفید مشوروں سے بھی نوازا۔ بعض نے  رائے دی کہ  سالانہ اجلاس بعد نماز عشاء منعقد کئے جانے چاہئے تاکہ کثیر تعداد میں ممبران اس میں شریک ہوسکیں، اسی طرح   میٹنگوں میں حاضر ہونے والے اراکین کا حاضری  تناسب بھی پیش کرنے  کی رائے دی گئی جس سے معلوم ہوسکے کہ سو فیصدمیٹنگوں میں حاضری دینے والے کتنے ممبران ہیں اور پچاس فیصد سے کم حاضری دینے والے ممبران کی تعداد کتنی ہے۔ بعض نے   غیر اخلاقی کاموں میں ملوث لوگوں کو تنظیم کی   ممبرشپ سے   بے دخل کرنے کا  مشورہ دیا تو بعض نے سالانہ رپورٹ کی خواندگی میں وقت ضائع  کرنے کے بجائے، رپورٹ کی پی ڈی ایف فائل  کرکے وہاٹس ایپ کے ذریعے ایک روز قبل ہی  ممبران کو  روانہ  کرنے کی صلاح دی۔

تنظیم صدر ایس ایم پرویز نے صدارت کی۔ اس موقع پر تنظیم کے دیگر عہدیداران اور اراکین  سمیت 200 لوگ شریک تھے ۔


Share: